راجستھان میں کانگریس کی کامیابی، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ میں سخت مقابلہ

تلنگانہ میں ٹی آر ایس آگے
مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ میں معلق اسمبلی کا امکان، میزورم میں بی جے پی کو اقتدار

۔8 اگزٹ پولس میں
۔3 ریاستوں میں کانگریس کی حکومت ہونے کا اشارہ
۔11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی

نئی دہلی ۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی چار ریاستوں کے منجملہ تین ریاستوں میں کانگریس کو اقتدار ملنے کا امکان ہے۔ مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس کی کامیابی کے تعلق سے 8 اگزٹ پولس نے کانگریس کو اکثریت ملنے کا اشارہ دیا ہے جبکہ دیگر اگزٹ پولس میں بتایا گیا ہیکہ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں کانگریس ۔ بی جے پی کا سخت مقابلہ ہے۔ یہاں معلق اسمبلی کا امکان ہے۔ راجستھان میں کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیابی مل رہی ہے۔ میزورم میں بی جے پی اتحاد کو اقتدار حاصل ہوگا۔ تلنگانہ میں بھی کانگریس اور ٹی آر ایس کے درمیان مسابقت کی جنگ دیکھی جارہی ہے۔ تاہم بعض اگزٹ پولس نے تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو دوبارہ اقتدار ملنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ تلنگانہ میں جمعہ کے روز ہوئے رائے دہی کے بعد ملک کی تمام پانچ ریاستوں کے انتخابات کے تعلق سے اگزٹ پولس بھی جاری کئے گئے۔ مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے۔ ان ریاستوں میں اگر مخالف حکمرانی لہر چلتی ہے تو کانگریس کو فائدہ ہوگا۔ تاہم میزورم کے تعلق سے بعض اگزٹ پولس نے بھی معلق اسمبلی کی پیش قیاسی کی ہے جہاں کانگریس کی حکومت ہے تمام پانچ ریاستوں کیلئے ووٹوں کی گنتی 11 ڈسمبر کو ہوگی۔ ری پبلک ٹی وی اور جن کی بات نے مدھیہ پردیش میں 230 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو 108-128 اور کانگریس کو 115-95 نشستیں، انڈیا ٹو ڈے اگزٹ پولس نے زعفرانی پارٹی کو 102-120 نشستیں ملنے کی قیاس آرائی کی ہے اور کانگریس کو 104-122 نشستیں ملیں گی۔ تاہم ٹائمز ناؤ سی این ایکس اگزٹ پولس نے بی جے پی کو اکثریت ملنے کا اشارہ دیا ہے۔

اسے 126 نشستیں ملیں گی اور کانگریس کو صرف 89 نشستیں حاصل ہوں گی۔ 90 رکنی چھتیس گڑھ اسمبلی میں اگزٹ پولس نے بی جے پی کو 43-35 اور کانگریس کو 50-40 نشستیں ملنے کی قیاس آرائی کی ہے۔ تلنگانہ میں اگزٹ پولس نے پیشن گوئی کی ہیکہ صدر ٹی آر ایس اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو دوبارہ اقتدار حاصل ہورہا ہے، کے سی آر کو اسمبلی انتخابات پیشگی کرانے کا فائدہ حاصل ہوگا اور وہ دوبارہ اقتدار پر آئیں گے۔ ریپبلک ٹی وی اور ٹائمز ناؤ نے پیش قیاسی کی ہیکہ تلنگانہ کی 119 رکنی اسمبلی میں ٹی آر ایس کو 50 تا 65 اور کانگریس کو 66 نشستیں مل رہی ہیں۔ ٹی وی 9 تلگو اور انڈیا ٹوڈے نے بتایا کہ ٹی آر ایس کو 85-75 اور 91-75 نشستیں مل رہی ہیں۔ بعض اگزٹ پولس نے ٹی آر ایس اور کانگریس، تلگودیشم اتحاد کے درمیان سخت مقابلہ ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اگرچیکہ اگزٹ پولس سے قطعی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔ 11 ڈسمبر کو ہی ووٹوں کی گنتی کے بعد اصل نتیجہ سامنے آئے گا۔ بی جے پی نے مدھیہ پردیش چھتیس گڑھ میں کامیاب ہونے کا اعتماد ظاہر کیا اور راجستھان میں بھی اس نے کامیاب ہونے کی امید باندھی ہے جبکہ کانگریس کا دعویٰ ہیکہ وہ تمام 3 ریاستوں میں اقتدار حاصل کرے گی۔ مدھیہ پردیش میں شیوراج سنگھ چوہان کی زیرقیادت بی جے پی حکومت گذشتہ 15 سال سے اقتدار پر ہے۔ راجستھان میں ایسا معلوم ہوتا ہیکہ اس مرتبہ مخالف حکمرانی کی لہر سے کانگریس کو کامیابی مل رہی ہے۔