راجستھان میں مسلم مزدور کو زندہ جلادیا گیا

ملزم گرفتار، ویڈیو وائرل ، ارکان خاندان کا انصاف کا مطالبہ
جئے پور 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں جہاں گاؤ دہشت گردوں اور لو جہاد کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے وہیں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے۔ راجستھان کے ضلع راج سمندر میں سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ایک مسلم مزدور کو زندہ جلادیا گیا ہے۔ یہ ہولناک اور دلحراش ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس حرکت میں آگئی۔ متوفی مزدور مغربی بنگال سے تعلق رکھتا تھا جس کی شناخت محمد افروز کی حیثیت سے کی گئی۔ ملزم نے یہ گھناؤنا جرم کل راج نگر میں انجام دیا۔ ایس پی راج سمند منوج کمار نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ملزم شبھو لال راج نگر کا ساکن ہے اور پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ وزیرداخلہ گلاپ چند کھبڑیا نے اس واقعہ کی مذمت کی اور کہاکہ یہ کیس مزید تحقیقات کے لئے ایس آئی ٹی کے حوالہ کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں مزدور کو زدوکوب کرکے زندہ جلادیا گیا۔ وہ برسر موقع ہلاک ہوا۔ آئی جی اُدے پور آنند سریاوستو کے مطابق ویڈیو میں ملزم کو مسلم مزدور پر چیختے و چلّاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے۔ارکان خاندان نے انصاف کا مطالبہ کیا۔