راجستھان میں سڑک حادثہ ، 19 ہلاک ، 18 زخمی

سکر؍ جئے پور۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں پیش آئے دو علیحدہ سڑک حادثات میں 19 ہلاک اور 18 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ 19 مہلوکین میں 4 عورتیں اور 2 بچے شامل ہیں۔ راجستھان پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ پولیس کے مطابق آج 11 افراد ہلاک اور12 افراد اس وقت زخمی ہوگئے جب راجستھان پبلک ٹرانسپورٹ سرویس (آر پی ٹی ایس) کی بس قومی شاہراہ نمبر 11 پر مخالف سمت سے آنے والی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی ۔ اس نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس ڈرائیور ایک دوسری بس کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں مخالف سمت سے آنے والی ٹرک سے ٹکرا گیا۔ مسافرین کو فوری طور پر قریبی دواخانہ فتح پور منتقل کیا گیا جہاں پر 11 افراد کو مردہ قرار دیا گیا۔ مذکورہ مہلوکین کی شناخت برکت علی ، منی رام ، سراج الدین ، نوپارم ، راجندر ا، گوپی رام ، شکیل اور سریندر کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بقیہ شدید طور پر زخمی مسافرین کو جئے پور ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اسی طرح کے ایک دوسرے حادثہ میں گزشتہ رات 8 افراد ہلاک اور 6 مسافرین اس وقت شدید طور پر زخمی ہوگئے جب ان کو لے جانے والی ٹیمپو جئے پور ضلع میں ایک ٹرک سے متصادم ہوگئی۔یہ تمام افراد ایک شادی کی تقریب سے واپس ہورہے تھے۔ مہلوکین کی شناخت پپو پاری ، محمد علی ، شریف ، شمع بانو ، گلشن بانو ، فیروز ،ریحانہ اور3 سالہ آہل کی حیثیت سے کی گئی ہے۔