راجستھان میں سوائن فلو کی صورتحال سنگین

جئے پور ۔ 4 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں سوائن فلو سے مزید 10 افراد کی موت کے بعد جاریہ سال مرنے والوں کی تعداد 62 تک پہنچ گئی۔ اسٹیٹ میڈیکل ا ینڈ ہیلت ڈائرکٹوریٹ کے ذرائع نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ H1N1 وائرس سے بیکانیر اور اجمیر میں 2 اموات اور جئے پور ، بارمیر، کوندا اودے پور ، بانسواڑہ اور چتوڑہ گڑھ میں ایک ایک موت واقع ہوئی ہے جبکہ سوائن فلو کے شبہ میں 1,200 افراد کے طبی معائنہ پر 366 مریضوں کی پازیٹیو رپورٹ آئی ہے، اگرچیکہ ریاست کے 33 میں سے 29 اضلاع سوائن فلو سے متاثر ہیں لیکن ڈھولپور ، ہنومان گڑھ ، سربوہی اور بارن اصلاع محفوظ ہیں۔ دریں اثناء چیف منسٹر وسندھرا راجے نے کل رات میڈیکل عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور سوائن فلو کی روک تھام اور عوام میں شعور بیدار کنے کیلئے ڈیویژن اور ڈسٹرکٹ پر ناسک فورس قائم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ یہ ناسک فورس سوائن فلو کی صورتحال کا روزانہ جائزہ لیکر چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کرے گی ۔ قبل ازیں میڈیکل اینڈ ہیلت ڈائرکٹوریٹ میں سوائن فلو کے مریضوں کی سہولت کیلئے خصوصی کنٹرول کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ سوائن فلو میں سب سے زیادہ اموات جئے پور میں 17 ، اجمیر میں 12 اور ناگپور میں 6 ہوئی ہیں ۔