راجستھان میں جاریہ سال سوائن فلو سے 25 اموات

جئے پور 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریاست راجستھان میں حالانکہ بیماریوں کو دور رکھنے کے متعدد موثر پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود حیرت انگیز طور پر ریاست میں جاریہ سال میں اب تک سوائن فلو سے 25 اموات رونما ہوچکی ہیں۔ میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق جنوری 2014 ء سے اب تک 49 افراد کو سوائن فلو سے متاثر پایا گیا ہے جبکہ اب تک H1N1 وائرس سے 25 افراد فوت ہوچکے ہیں۔عہدیداروں کے مطابق بارش کے موسم میں شدید رطوبت H1N1وائرس کے پھیلنے کی وجہ بنتی ہے ۔ انہوں نے احتیاطی پروگرامس کے بارے کہا کہ اسے پوری ریاست میں توسیع دی گئی ہے خصوصی طور پر بارش کے موسم میں ہم نے احتیاطی تدابیر میں اضافہ کردیا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کچھ عرصہ قبل سوائن فلو کے بارے میں ڈاکٹرس نے ادعا کیا تھا کہ H1N1 وائرس پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے لیکن راجستھان میں ہلاکتوں نے ڈاکٹرس کے دعوؤں کو کھوکھلا ثابت کردیا۔