جئے پور 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے ضلع ناگور کے میرٹا پولیس اسٹیشن سے وابستہ دو اسسٹنٹ سب انسپکٹرس اور ہیڈ کانسٹیبل کے بشمول 19 ملازمین پولیس کو ایک تصادم کے دوران فرائض کی انجام دہی میں غفلت و لاپرواہی کے الزام کے تحت برطرف کردیا گیا۔ اس تصادم میں چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں پانچ دلت شامل تھے ۔ ناگور کے سپرنٹنڈنٹ پولیس راگھویندر سوہار نے کہا کہ موضع دنگاواس میں تصادم کے دوران غفلت و لاپرواہی کے الزامات کے تحت ان ملازمین پولیس کو گذشتہ روز برطرف کرتے ہوئے پولیس لائنس روانہ کردیا گیا ۔ اسٹیشن ہاوز آفیسر ناگارام کو پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے ۔