جئے پور 29 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں آج دو لوک سبھا حلقوںاور ایک اسمبلی حلقہ کیلئے ضمنی انتخاب میں رائے دہی ہوئی ۔ اجمیر اور الوار لوک سبھا حلقوں کیلئے 65.2 اور 61.86 فیصد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ منڈل گڑھ اسمبلی حلقہ کیلئے سب سے زیادہ 78.78 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔ آج رائے دہی پرامن انداز میں ہوئی ۔ حالانکہ رائے دہی کا تناسب بہتر ہے لیکن یہ گذشتہ مرتبہ کے تناسب سے کم ہے ۔ الیکشن کمیشن عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر اشونی بھگت نے کہا کہ دو لوک سبھا حلقوں اور ایک اسمبلی حلقہ کیلئے صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک پر امن رائے دہی ہوئی ہے ۔ ریاست میں وسندھرا راجے سندھیا کی قیادت میں بی جے پی حکومت چار سال مکمل کرچکی ہے اور ان ضمنی انتخابات کو حکومت کی پالیسیوں پر عوامی رائے سمجھا جا رہا ہے ۔ ان انتخابات کیلئے کانگریس نے بھی شدت کے ساتھ مہمہ چلائی تھی اور حکومت کیلئے مشکلات پیدا کی تھیں۔ کانگریس انتخابات میں کامیابی کے تعلق سے بھی پرامید ہے ۔ ان حلقوں میں ووٹوں کی گنتی یکم فبروری کو ہوگی ۔