جئے پور۔15مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) زبردست بارش اور ژالہ باری سے متعلق حادثات میں راجستھان میں 12اور ناسک میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جب کہ ربیع کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا ۔ضلع کلکٹریٹ کو انسانی اور مویشیوں کی ہلاکتوں اور دیگر نقصانات کی ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔اموات ژالہ باری ‘ غیر موسمی بارش اور بجلی گرنے سے واقع ہوئیں اور ربیع کی فصلوں خاص طور پرگیہوں ‘ زیرہ اور رائی کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا ۔ چیف منسٹر وسندھرا راجے آفات سماوی کا جائزہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے جلد از جلد رپورٹ طلب کی ہے ۔ ناسک سے موصولہ اطلاع کے بموجب ناسک میں ایک شخص موسلادھار بارش کے نتیجہ میں شیڈمنہدم ہوجانے سے ہلاک ہوگیا ‘ جب کہ موسلادھار بارش سے جو گذشتہ 48گھنٹوں سے مسلسل جاری ہے ناسک سے 130دیہاتوں میں 10937 ہیکٹر اراضی پر ربیع کی کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ۔9419کاشتکار متاثر ہوئے ۔