راجستھان اور آسام میں سڑک حادثات12 باراتی ہلاک اور 36 افراد زخمی

جئے پور ۔ 25 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : راجستھان کے ضلع ڈونگر پور میں ایک شادی کی بارات میں ایک تیز رفتار لاری گھس جانے سے 7 افراد ہلاک اور دیگر 16 زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ شادی کی بارات کل شب بچھی پور میں ایک مندر سے واپس آرہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور مفرور ہوگیا ۔ جب کہ پولیس نے ٹرک کو ضبط کرلیا اور زخمیوں کو قریبی ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ہے ۔ دریں اثناء آسام سے موصولہ اطلاعات کے بموجب ضلع کامروپ میں بنگلورا کے قریب قومی شاہراہ 37 پر ایک بس مخالف سمت سے آنے والی ٹرک سے ٹکرا گئی ۔ جس کے باعث شادی کی بارات میں شامل 5 افراد بشمول ایک بچہ ہلاک اور دیگر 20 زخمی ہوئے ۔ پولیس نے بتایا کہ جملائی میں شادی کی رسومات مکمل کرنے کے بعد دولہے والے گوہاٹی واپس آرہے تھے کہ ان کی بس حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ تاہم دولہا اور دلہن دوسری گاڑی میں سفر کرنے سے وہ محفوظ رہ گئے جب کہ 5 باراتی بشمول ایک لڑکا برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ تمام زخمیوں کو گوہاٹی میڈیکل کالج ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ 8 زخمیوں بشمول ڈرائیور کی حالت تشویشناک ہے ۔ پولیس نے ٹرک کو ضبط کرلیا گیا لیکن ڈرائیور مفرور ہے ۔ تصادم کی شدت سے بس کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔