رات جلد کھانے کی عادات کینسر سے محفوظ رہنے میں معاون

حیدرآباد۔20جولائی(سیاست نیوز) حیدرآباد کی جدید تہذیب میں دیر رات جاگنا اورتقریباًآدھی رات کو ڈنرکرنا اب کوئی نئی بات نہیں بھلے ہی کوئی تقریب ہو یا پھر گھر میں موجودرہیں رات کا کھانا انتہائی دیر سے کھایا جاتا ہے اور اگرکوئی عشاء کے فوری بعد رات کے کھانے سے فارغ ہوجائے تو اسے دوستوں کی محفل میں مذاق برداشت کرنا پڑتا ہے حالانکہ حکم نبویﷺ ہے کہ عشاء کے بعد بات نہ کی جائے اور تمام امت محمدﷺ کا یہ ایمان ہے کہ تاجدارمدینہ رسول عربیﷺ کی ایک ایک سنت میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے اور رات کے کھانا دیر سے کھانے کے مضر اثرات پر یہ نیا انکشاف کیا گیا ہے کہ رات کا کھانا جلد کھایا جائے تو کینسر جیسی مہلک بیماری سے بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے۔اسپین کے ماہرینِ تغذیہ نے ایک طویل مطالعے کے بعد دریافت کیا ہے کہ اگر رات کا کھانا جلدی کھا لیا جائے تو اس سے مردوں کو پروسٹیٹ کینسر سے جبکہ خواتین کو بریسٹ کینسر سے بچنے میں بڑی حد تک مدد ملتی ہے۔بارسیلونا انسٹی ٹیوٹ فارگلوبل ہیلتھ میں مانولس کوجیویناس کی سرپرستی میں کیے گئے اس مطالعے میں مجموعی طور پر تقریباً 4000 رضاکاروں کو شریک کیا گیا جن میں 2500 خواتین اور1500 مرد شامل تھے۔ رضاکاروں میں سے نصف صحت مند جبکہ نصف کو پروسٹیٹ/ بریسٹ کینسر تھا۔ان تمام افراد کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا جبکہ ان کے روزمرہ معمولات سے متعلق ان سے سوالنامے بھی بھروائے گئے۔تفصیلی تجزیئے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ لوگ جو رات کا کھانا جلد کھانے کے عادی تھے یا رات کے کھانے کے کم از کم دو گھنٹے بعد سونے کیلئے جاتے تھے، ان میں پروسٹیٹ کینسر اور بریسٹ کینسر کی شرح ایسے افراد کے مقابلے میں 20 فیصد کم تھا جو یا بالعموم رات کا کھانا دیر سے کھایا کرتے تھے یا پھر رات کا کھانا کھانے کے فوراً بعد ہی سونے جاتے تھے۔انٹرنیشنل جرنل آف کینسر کے تازہ شمارے میں شائع شدہ اس تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر رات کا کھانا ایسے وقت پر کھالیا جائے کہ جب سونے میں کم از کم دو گھنٹے باقی ہوں، تو جہاں صحت کے دوسرے فوائد حاصل ہوتے ہیں وہیں کم از کم دو اقسام کے کینسر کا خطرہ بھی بڑی حد تک کم ہوجاتا ہے۔کوجیوناس کے مطابق اب تک کیے گئے مطالعہ میں صرف کھانے میں شامل چیزوں اور سرطان میں تعلق ہی پر تحقیق کی گئی تھی جبکہ یہ پہلا موقع ہے جب غذا کے ساتھ ساتھ اس کے وقت اور سونے جاگنے کے اوقات بھی مدنظر رکھے گئے ہیں۔