حیدرآباد21مئی(یواین آئی)مابعد لوک سبھا انتخابی نتائج حکمت عملی پر تبادلہ خیال اور اس کو حتمی شکل دینے کیلئے تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے رائے شمار ی کے دن یعنی 23مئی کو ان کی قیام گاہ پرگتی بھون میں حکمران جماعت ٹی آرایس کے سینئر لیڈران کااجلاس طلب کیا ہے ۔چونکہ بیشتر اگزٹ پولس میں ملک میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کی اکثریت کی پیش گوئی کی گئی ہے ،وزیراعلی نے فیصلہ کیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے دن پارٹی کے سینئر لیڈران کا اجلاس طلب کیا جائے ۔ٹی آرایس لیڈران سے انتخابی نتائج پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ نتائج کی بنیاد پر اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ٹی آرایس نے تاحال دونوں قومی جماعتوں بی جے پی اور کانگریس سے یکساں دوری اختیار کی اور کانگریس و بی جے پی سے پاک ملک کی اپیل کی ہے ۔ٹی آرایس صدر ملک کی سیاست میں معیاری تبدیلی کے مقصد سے وفاقی محاذ کے نظریہ کی وکالت کر رہے ہیں۔انہوں نے اس خصوص میں بیشتر لیڈران بشمول ٹی ایم سی سربراہ و مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابنرجی، ڈی ایم کے لیڈر اسٹالن، بی جے ڈی لیڈر نوین پٹنائک اور دیگر سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق پارٹی لیڈران اگز ٹ پول کے پیش نظر اٹھائے جانے والے اگلے قدم کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے ۔مسٹر راو نے نشاندہی کی تھی کہ مرکز میں حکومت سازی میں ان کی پارٹی کا اہم رول ہوگا۔پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ پارٹی، وزیراعلی کی فیصلہ کی پابند رہے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی تلنگانہ کے عوام کے مفاد میں فیصلہ کریں گے ۔اس اجلاس میں امکان ہے کہ اہم لیڈران اور 17لوک سبھا حلقوں کے پارٹی امیدوار شرکت کریں گے