رائے شماری پرکسی کو تنقید کا موقع نہ دیا جائے

پولنگ عہدیداروں کی دوسرے مرحلے کے تربیتی پروگرام کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 20مئی ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں منعقدہ لوک سبھا انتخابات کیلئے ڈالے گئے ووٹوں کی 23مئی کو ہونیو الی گنتی کے ضمن میں ریٹرننگ آفیسرس اور دیگر متعلقہ انتخابی عہدیداروں کیلئے دوسرے مرحلے کے تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسرس اور دیگر عہدیداروں کو ووٹوں کی گنتی کے مختلف قانونی پہلوؤں سے واقف کروایا گیا ۔ علاوہ ازیں ماقبل رائے شماری اور رائے شماری کے بعد کے عمل کی تفصیلات بیان کی گئی ۔ انہیں ہدایت کی گئی کہ کسی بھی گوشہ سے کسی تنقید کا موقع فراہم نہ کیا جائے ۔ الیکشن کمشین کے رہنمایانہ خطوط کی مکمل پابندی کی جائے ۔ ضابطہ کے مطابق اسٹرانگ رومس کی کشادگی کے وقت تمام امیدواروں ، ایجنٹس اور مبصرین کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے ۔ریاستی الکٹورل آفیسر رجت کمار اور الیکشن کمیشن آُ انڈیا کے سینئر کنسلٹنٹ بھنور لال اور دوسروں نے متعلقہ افسران و عہدیداروں سے بات چیت کی اور مختلف سوالات کا جواب دیا ۔ ای وی ایمس کی کارکردگی پر تمام اپوزیشن جماعتوں نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے اور کم سے کم 50فیصد وی وی پیاٹ کی توثیق کے مطالبہ پر مصر ہیں۔