رائے دہی کے رجحان سے چیف منسٹر کے سی آر مطمئن


بلدیہ پر قبضہ یقینی ، مختلف اگزٹ پول میں ٹی آر ایس کو اکثریت کی پیش قیاسی
حیدرآباد ۔ 3 ۔  فروری  (سیاست نیوز)  گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کی رائے دہی کے رجحانات سے ٹی آر ایس مطمئن ہے اور اسے یقین ہے کہ وہ میئر کے عہدہ پر بآسانی قبضہ کرلے گی ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ رائے دہی کی تکمیل کے فوری بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے رائے دہی کے فیصد اور رجحانات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور پارٹی کے بہتر امکانات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی نے رائے دہی سے قبل جو سروے کرایا تھا، رائے دہی کے بعد اگزٹ پول کے نتائج بھی اس کے مطابق رہے اور پارٹی کو اپوزیشن جماعتوں سے کوئی نقصان نہیں پہنچ سکا۔ ٹی آر ایس پارٹی کے سروے اور اگزٹ پول کے مطابق اسے 150 رکنی بلدیہ میں 80 تا85  نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انٹلیجنس کی جانب سے حکومت کو جو رپورٹ پیش کی گئی، اس میں بھی برسر اقتدار پارٹی کو 80 نشستیں دکھائی گئی ہیں جبکہ مجلس 35 تا 40 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے گی۔ تلگو دیشم۔بی جے پی اتحاد کو 20 اور کانگریس کو 6 تا 7 نشستوں پر کامیابی کی انٹلیجنس نے پیش قیاسی کی ہے۔ ان اندازوں کے مطابق ٹی آر ایس کو حلیف جماعت مجلس کی تائید کے بغیر میئر کے عہدہ پر قبضہ کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔ بلدیہ میں 64 عوامی نمائندے بااعتبار عہدہ رکن کی حیثیت سے شامل ہیں جن میں 34 کا تعلق ٹی آر ایس سے ہے۔

 

اس طرح برسر اقتدار پارٹی میئر کے عہدہ کیلئے درکار 108 ووٹ کے حصول میں بآسانی کامیاب ہوجائے گی۔ اگزٹ پول میں بتایا گیا ہے کہ پہلی مرتبہ ٹی آر ایس کو پرانے شہر کے علاقوں میں عوامی تائید حاصل ہوئی ہے اور بہتر مظاہرہ کا امکان ہے۔ ادارہ نیوز پول کی جانب سے کئے گئے اگزٹ پول میں ٹی آر ایس کو 78 تا 82 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی جبکہ مجلس 35 تا 40 ، تلگو دیشم۔بی جے پی اتحاد 28 تا 34 ، کانگریس 8 تا 10 اور دیگر امیدوار ایک تا 3 نشستوں پر کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ایک اور اگزٹ پول میں ٹی آر ایس کو 81 تا 84 ، مجلس 32 تا 37 ، تلگودیشم۔بی جے پی اتحاد 25 تا 30 ، کانگریس 3 تا 7 اور دیگر کو 3 نشستوں پر کامیابی کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔ اگزٹ پول نتائج میں پیش قیاسی کی گئی کہ ٹی آر ایس مجموعی رائے دہی میں  42.13 فیصد ووٹ حاصل کرے گی جبکہ تلگو دیشم۔بی جے پی اتحاد کو 27.55 ، مجلس 14.77 ، کانگریس 7.53 اور دیگر کو 7.99 فیصد ووٹ حاصل ہوسکتے ہیں۔ ٹی وی 9 اگزٹ پول میں ٹی آر ایس کو 78 تا 82 ، مجلس 35 تا 49 ، تلگو دیشم۔بی جے پی اتحاد 26 تا 33 ، کانگریس 8 تا 10 اور دیگر کو ایک تا 3 نشستیں دی گئی ہیں۔ این ٹی وی اور نیلسن کے سروے میں ٹی آر ایس کو 75 تا 85 نشستوں کی پیش قیاسی کی گئی۔ مجلس 40 تا 45 ، تلگو دیشم۔بی جے پی اتحاد 20 تا 25 ، کانگریس 10 تا 12 اور دیگر 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔