نئی دہلی۔11مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات کا 9واں اور آخری مرحلہ کل منعقد ہورہا ہے جہاں تین ریاستوں کے 41حلقوں میں رائے دہی ہوگی ۔ ان میں باوقار وارانسی کی نشست بھی شامل ہے۔ اب تک رائے دہی کے 8مراحل پورے ہوچکے ہیں اور 506ملین سے زائد رائے دہندگان نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے اور یہ تعداد امریکہ ‘ جرمنی ‘ کینیڈا اور برطانیہ کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے ۔ 502حلقوں میں 8مراحل پر مشتمل رائے دہی 66.21فیصد ریکارڈ کی گئی اور تیسرے مرحلے کے بعد اگر رائے دہی کا فیصد 64سے تجاوز کرجاتا ہے تو یہ ایک نیا ریکارڈ ہوگا ۔ 1984ء میں اندرا گاندھی کے قتل کے بعد منعقدہ انتخابات میں 64فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی ۔ 9ویں مرحلے کی رائے دہی میں اترپردیش ‘ بہار اور مغربی بنگال میں 600امیدوار مقابلہ میں شریک ہیں ۔
تقریباً 66ملین رائے دہندے ان کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے ۔اس اہم ترین مرحلے میں وارانسی مرکز توجہ ہے جہاں بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی‘ عام آدمی پارٹی کے اروند کجریوال اور کانگریس کے اجئے رائے کے مابین مقابلہ ہوگا۔ اگرچہ وارانسی پارلیمانی نشست کیلئے جملہ 42امیدوار مقابلے میں شریک ہیں لیکن یہ سہ فریقی مقابلہ رہے گا ۔ تقریباً 16لاکھ رائے دہندگان کل وارانسی میں اپنا فیصلہ سنائیں گے ۔نریندر مودی کو یہاں اروند کجریوال سے سخت مسابقت کا سامنا ہے ۔ کجریوال کا یہ کہنا ہے کہ اگر مودی کو یہاں شکست ہوجائے تو وہ زیراعظم نہیں بن سکتے ۔
دوسری طرف اجئے رائے اسی سرزمین کے سپوت ہونے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بی جے پی کو اس حلقہ میں مودی کی ریکارڈ کامیابی کا یقین ہے کیونکہ گذشتہ دو دوہوں سے یہ زعفرانی پارٹی کا گڑھ رہا ہے ۔ کل رائے دہی کے پیش نظر مندروں کے شہر وارانسی کو فصیل بند قلعہ میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں آزادانہ و منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کیلئے 45ہزار سے زائد سیکیورٹی عملہ متعین کیا جارہاہے ۔ اترپردیش کے سرکردہ پولیس عہدیداروں نے شخصی طور پر وارانسی پہنچ کر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔
الیکشن کمیشن نے پہلے ہی وارانسی کیلئے خصوصی مبصرکا تقرر کیا ہے ۔شہر میں یہاں تک کہ دیہی علاقوں میں ہر طرف سیکیورٹی عملہ گشت کرتا دکھائی دے رہا ہے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس ( وارانسی ڈیویژن) پرکاش نے بتایا کہ ریاستی پولیس ‘ بی ایس ایف ‘ آر اے ایف اور سی آر پی ایف کی خاطرخواہ تعداد متعین کی گئی ہے اس کے علاوہ تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔