رائے دہی میں بے قاعدگیوں کی شکایات

تلنگانہ کانگریس کی آج الیکشن کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد 2 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ کانگریس قائدین کا ایک وفد جمعہ کو مکمل الیکشن کمیشن سے ملاقات کرے گا اور تلنگانہ میں 11 اپریل کو لوک سبھا انتخابات کے موقع پر پولنگ میں ہوئی بے قاعدگیوں سے واقف کروایا جائیگا ۔ سینئر لیڈر و سابق رکن اسمبلی مری ششی دھر ریڈی کی قیادت میں یہ وفد الیکشن کمیشن کو ان بے قاعدگیوں سے واقف کروائیگا ۔ کمیشن کو یہ بھی بتایا جائیگا کہ ریاست میں 11 اپریل کو پولنگ کے اختتام شام 5 بجے کے بعد سے رائے دہی کے تناسب میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ پارٹی نے اس مسئلہ پر تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر سے بھی تحریری نمائندگی کی ہے ۔ تلنگانہ میں لوک سبھا کی 17 نشستیں ہیں جن کیلئے رائے دہی لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 11 اپریل کو ہوئی تھی ۔