نئی دہلی 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد مرکزی وزیر صنعت و تجارت آنند شرما نے کہاکہ حکومت کے خلاف ’’جھوٹے‘‘ الزامات کی تشہیر کا حکومت کی جانب سے منہ توڑ جواب نہ دینا اجتماعی ناکامی ہے۔ وہ پی ٹی آئی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ میں ایک وزیر ہوں۔ میں بھی اِس اجتماعی ذمہ داری کا حصہ دار ہوں۔یہ ہم میں سے ہر ایک کا فرض تھا کہ باہر نکلتا اور (ہمارے خلاف) جھوٹی تشہیر کا منہ توڑ جواب دیتا۔ ہمیں چاہئے تھا کہ ہم اِس پر توجہ مرکوز کرتے۔ حکومت اور کانگریس پر تنقید جھوٹی باتوں کا ایک پلندہ ہے۔ وہ وزیراعظم منموہن سنگھ پر کانگریس قائد پی سی چاکو کی تنقید کے بارے میں سوال کا جواب دے رہے تھے۔ چاکو نے کہا تھا کہ وزیراعظم منموہن سنگھ مختلف مسائل پر ذرائع ابلاغ کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے سے قاصر رہے۔ آنند شرما نے کہاکہ یہ ہماری غلطی ہے کہ ہم نے اپنے بارے میں منفی بیانات کے پلندہ کو برداشت کیا ہے۔ اِس سوال پر کہ کیا یہ کانگریس کی غلطی ہے جس نے وزارت عظمیٰ کے اپنے امیدوار کا عام انتخابات سے قبل اعلان نہیں کیا۔ آنند شرما نے کہاکہ اُن کی پارٹی اِس طریقہ کار میں یقین نہیں رکھتی کیونکہ یہ رائے دہندوں کی توہین ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم پارلیمانی جمہوریت میں ہیں۔ ایک حکومت قائم ہے۔ ہمیں انتخابی نتائج کا انتظار کرنا چاہئے۔
ہم اتنے مغرور نہیں ہوسکتے کہ رائے دہندوں سے وزیراعظم کے امیدوار کے فیصلہ کا حق چھین لیں۔ آنند شرما نے جو مرکزی وزیر صنعت و تجارت بھی ہیں، بی جے پی کی جانب سے انتخابات سے 9 ماہ قبل وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا اعلان کرنے کی مذمت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم اُس میں یقین نہیں رکھتے۔ یہ طریقہ کار درست نہیں ہے۔ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے ساتھ مباحثہ کا کسی بھی مسئلہ پر کسی بھی وقت پیشکش کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہاکہ نریندر مودی کو ہندوستانی معیشت اور عالمی اُمور کی جامع معلومات حاصل نہیں ہیں۔ وہ اِن مسائل سے 50 فیصد بھی واقف نہیں ہیں۔ اُنھوں نے اِس بیان کو مسترد کردیا کہ کانگریس جیتنے کے لئے انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمیں لال قلعہ کی فصیل یا قطب مینار پر چڑھ کر یہ اعلان کرنے کی ضرورت نہیں کہ ہم جیتنے کے لئے انتخابی مقابلہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم یقیناً جیتنے کیلئے ہی مقابلہ کررہے ہیں۔ ایک دن قبل ہی اُن سے ایک پریس کانفرنس میں سوال کیا گیا تھا کہ کیا وہ وارناسی سے نریندر مودی کے خلاف کانگریس امیدوار بننا پسند کریں گے، اُنھوں نے کہاکہ اگر پارٹی ایسا فیصلہ کرتی ہے تو اُنھیں خوشی ہوگی۔