وجئے واڑہ ۔ 2 ۔ مئی : ( پی ٹی آئی ) : بی جے پی قائد ایم وینکیا نائیڈو نے سیما آندھرا میں ہونے والے انتخابات میں کانگریس کو سبق سکھانے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس رشوت ستانی اور مختلف اسکامس میں ملوث ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کانگریس قائدین کئی ایک اسکامس میں ملوث ہیں جنہوں نے ملک کی دولت اور قدرتی وسائل کو لوٹا ہے ۔ یہاں ایک روڈ شو کے دوران انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے بی جے پی قائد نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے سال 2004 میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت اشیائے ضروری کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی ہی ایک مستحکم اور مضبوط حکومت مرکز میں فراہم کرسکتے ہیں ۔۔