رائے دہندگان کی قطعی فہرست کو عوام کے لیے دستیاب رکھا جائے

اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے کانگریس قائد ایم ششی دھر ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سابق ریاستی وزیر کانگریس کے سینئیر قائد ایم ششی دھر ریڈی نے فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے دوران قطعی فہرست گرام پنچایت کی نوٹس بورڈ پر چسپاں کرنے اور ویب سائیٹ میں دستیاب رکھنے کا اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ۔ اضلاع اور منڈل سطح پر منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کرنے کی کانگریس قائدین کو ہدایت دی ۔ ایم ششی دھر ریڈی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدر نشین ہے ۔ انہوں نے آج گاندھی بھون میں کمیٹی کے دوسرے ارکان کے ساتھ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا جائزہ لیا اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری ٹی پی سی سی جی نرنجن کے علاوہ دوسرے قائدین بھی موجود تھے ۔ ایم ششی دھر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے جولائی سے قبل گرام پنچایت انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے لیے شیڈول جاری کیا ہے اور اس سلسلے میں یکم مئی کو اضلاع واری اور 3 مئی کو منڈل واری سطح پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ نظر ثانی فہرست رائے دہندگان کو 8 مئی تک پنچایت و منڈل آفسوں پر چسپاں کرتے ہوئے اس پر اعتراض و شکایت کے لیے 8 دن کی مہلت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 16 مئی کو قطعی فہرست جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ کانگریس کے قائد نے گرام پنچایت کے بجائے وارڈ واری اساس پر فہرست رائے دہندگان جاری کرنے فہرست کو گرام پنچایت آفس کے نوٹس بورڈ پر چسپاں کرنے کے علاوہ ویب سائیٹ پر بھی دستیاب رکھنے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ۔ ساتھ ہی انہوں نے کانگریس قائدین و کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے دوران چوکنا رہے ۔ فہرست رائے دہندگان میں چھیڑ چھاڑ ہونے اور کانگریس کے حامیوں کے نام فہرست رائے دہندگان سے غائب ہوجانے کی شکایتیں وصول ہوئی ہیں یا ایک وارڈ کے رائے دہندے کو دوسرے وارڈ میں شامل کیا گیا ۔ نئے ناموں کے اندراج پر بھی خصوصی توجہ دینے کی کانگریس قائدین کو ہدایت دی ۔۔