رائے دہندگان کی فہرست میں ناموں کی شمولیت کے لیے شعور بیداری

حیدرآباد، 2اکتوبر (یواین آئی )تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں پارٹی کے ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے عمل سے متعلق بیدار ی پیدا کی۔وزیرداخلہ این نرسمہاریڈی نے اس ضمن میں تمام وزرا ، کارپوریٹرس اور دیگر کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے ۔انہوں نے ان تمام منتخبہ عوامی نمائندوں پرزور دیا کہ وہ عوام میں اس خصوص میں بیداری پیداکریں تاکہ لمحہ آخر میں ہونے والی مایوسی کو دور کیا جاسکے ۔انہوں نے عوام میں حکومت کے کاموں کو لے جانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کارپوریٹرس سے خواہش کی کہ وہ اپنے ڈیویثرنس،کیڈر کے ساتھ مل کر بوتھ کی سطح پر رائے دہندوں کے ناموں کا اندراج کروائیں ۔بوتھ کی سطح پر پارٹی کی پہلے ہی کئی کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔اگر ان کمیٹیوں کو سرگرم کیا جائے اور بقیہ کیڈر کا تعاون حاصل کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر مقامی رکن اسمبلی یا وزیریا پھر ایم ایل سی سے مکمل طور پر تعاون حاصل کیا جائے ۔ایک اور وزیر ٹی سرینواس یادو نے بھی سماجی ذمہ داری کے طور پر اس عمل میں حصہ لینے اوررائے دہندوں میں بیداری پیداکرنے پرزور دیا۔انہوں نے کہاکہ پہلے ہی الیکشن کمیشن نے اس خصوص میں میڈیا میں تشہیر کی ہے ۔رائے دہی کے موقع پر ناموں کے فہرست رائے دہندگان میں نہ ہونے کی شکایات پائی جاتی ہیں ، اس سے بچنے کے لئے اپنے ناموں کا اندراج کروائیں۔