رائے دہندوں کو ووٹنگ مشینوں سے واقف کروانے شعور بیداری مراکز کا قیام

وی وی پی اے ٹی کا پہلی مرتبہ استعمال ، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر دانا کشور کا بیان
حیدرآباد۔3اکٹوبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور وی وی پی اے ٹی کے متعلق رائے دہندوں میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ انہیں ان مشینوں کے استعمال سے واقف کروانے کے لئے 15 اسمبلی حلقہ جات میں 58 شعور بیداری مراکز کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے اور ان میں 52 مراکز پر اسلحہ سے لیس دو ملازمین پولیس کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو تمثیلی رائے دہی کا احساس ہو۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاقوں میں ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر کی جانب سے شہریوں میں رائے دہی کے متعلق شعور اجاگر کرنے کے علاوہ انہیں رائے دہی کے طریقہ کار سے واقف کروانے کیلئے یہ شروعات کی گئی ہے اور اس کا مقصد شہریوں کو الکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے واقف کروانے کے علاوہ انہیں اس بات سے واقف کروانا ہے کہ وی وی پی اے ٹی کس طرح سے کام کرتا ہے ۔ مسٹر دانا کشور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں انتخابات کے لئے استعمال کئے جانے والے تمام الکٹرانک ووٹنگ مشین پہنچ چکے ہیں اور ان ووٹنگ مشینوں کے ساتھ ہر حلقہ اسمبلی میں وی وی پی اے ٹی کا استعمال کیا جا رہاہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ میں پہلی مرتبہ وی وی پی اے ٹی کے استعمال کی وجہ سے اس سلسلہ میں عوامی شعور بیدار کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہو ںنے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے موصولہ ہدایات کے مطابق ضلع حیدرآباد کے حدود میں موجود 15حلقہ جات اسمبلی میں 58 شعور بیداری مہم مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 48 مراکز 15حلقہ جات اسمبلی کے مرکزی مراکز رائے دہی میں قائم کئے گئے ہیں جبکہ 9مراکز گشتی گاڑیو ںمیں رہیں گے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صدر دفتر میں ایک شعور بیداری مرکز ہوگا۔یہ مراکز روزانہ صبح 10بجے تاشام 5بجے کام کریں گے اور ان مراکز پر سینیئر عہدیداروں کو خدمات کی انجام دہی اور شہریوں کو رائے دہی کے عمل سے واقف کروانے کے لئے متعین کیا گیا ہے۔مسٹر دانا کشور نے شہر حیدرآباد کے حدود میں رہنے والے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ان شعور بیداری مراکز سے استفادہ کریں تاکہ انہیں رائے دہی کے سلسلہ میں ان کے اپنے خدشات دور کرنے کا موقع مل سکے اور رائے دہی کے عمل بالخصوص الکٹرانک ووٹنگ مشین اور وی وی پی اے ٹی کے ذریعہ رائے دہی کے متعلق انہیں مکمل جانکاری حاصل ہوسکے ۔