ٹی آر ایس کیلئے تلنگانہ ایک مشن، ریاست سے کرپشن کا خاتمہ، اسمبلی میں چیف منسٹر کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ رائے دہندوں کو راغب کرنا ہر سیاسی پارٹی کا کام ہے اور اس کے بغیر سیاسی پارٹی کا وجود بے معنی ہے۔ ٹی آر ایس ہو یا کوئی اور پارٹی ہر کوئی رائے دہندوں کو راغب کرنے کی کوشش کرتی ہے اور جمہوریت میں یہ سیاسی عمل کا حصہ ہے۔ اسمبلی میں تصرف بل پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی فلور لیڈر کشن ریڈی کا یہ الزام مضحکہ خیز ہے کہ ووٹ حاصل کرنے کیلئے اسکیمات تیار کی جارہی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہر پارٹی یہی کام کرتی ہے۔ اگر رائے دہندوں کو راغب نہ کریں تو پھر سیاسی پارٹی کی کیا ضرورت ہے۔ عوام کی بھلائی اور ترقی کے سلسلہ میں جو پارٹی زیادہ مساعی کرتی ہے، عوام اس سے متاثر ہوتے ہیں اور اس پارٹی کو کامیاب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا مطلب ٹی آر ایس کے لئے کسی ٹاسک سے کم نہیں جبکہ دیگر جماعتوں کیلئے یہ سیاست ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس ایک نشانہ اور مقصد کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی عوام کی تائید کا واضح ثبوت ہے۔ چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے تلنگانہ سے کرپشن کا مکمل خاتمہ کردیا ہے۔ سابق میں کنٹراکٹ کی منظوری کیلئے کرپشن اور پراجکٹ کے کاموں کیلئے پیشگی ادائیگی کا سسٹم تھا لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اسے ختم کردیا ہے۔ ٹی آر ایس نے کنٹراکٹ کے سلسلہ میں اڈوانس کی ادائیگی اور ای پی سی سسٹم کو ختم کردیا ۔ آبپاشی پراجکٹس پر پوری شفافیت کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ سے درمیانی افراد کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ سابق میں سکریٹریٹ میں تبادلوں ، ترقی اور دیگر پیروی کیلئے درمیانی افراد دکھائی دیتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک رکن پارلیمنٹ نے ان سے کہا کہ اب کوئی بھی سفارش کیلئے نہیں آرہا ہے۔