حیدرآباد 4 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) تحلیل شدہ تلنگانہ اسمبلی میںٹی آر ایس کے ایک رکن کے خلاف رائے دہندوں کو رقم دینے کی پیشکش کے سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ سابق رکن اسمبلی ای رویندر ریڈی نے ‘ جو یلا ریڈی حلقہ سے پارٹی امیدار بھی ہیں ‘ سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کو ان کے حق میں ووٹ ڈالنے پر پانچ لاکھ روپئے کی پیشکش کی تھی ۔ مقامی کانگریس لیڈر نے ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کروائی تھی اور ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آیا تھا جس میں رویند ر ریڈی خواتین کو ان کے حق میں وو ٹ ڈالنے پر پانچ لاکھ روپئے دینے کی پیشکش کر رہے ہیں۔ سوشیل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوگیا تھا ۔ اس کے بعد ان کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ کاما ریڈی کی ضلع ایس پی این شویتا نے بتایا کہ پولیس نے ایک مقامی عدالت سے اجازت حاصل کرنے کے بعد رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ رویند رریڈی نے 2014 میں یلا ریڈی سے کامیابی حاصل کی تھی ۔