رائے درگم تا شمس آباد ایرپورٹ ایکسپریس میٹرو کاریڈار

دہلی میٹرو ریل کے عہدیداروں کا دورہ ، ڈی پی آر کی تیاری
حیدرآباد ۔ /23 مئی (سیاست نیوز) رائے درگم تا شمس آباد ایرپورٹ بذریعہ سڑک پہونچنے کیلئے کم از کم 50 منٹ لگتے ہیں اگر یہی سفر بذریعہ میٹرو شروع کیا جائے تو 25 منٹ لگتے ہیں اور اس مناسبت سے عہدیداران نے ایکسپریس میٹروکاریڈار کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور اس پراجکٹ کا دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے عہدیداران نے راست طور پر رائے درگم اور شمس آباد کے درمیان دورہ کرتے ہوئے بنیادی سطح پر جائزہ لیتے ہوئے ڈی پی آر تیار کئے ہیں اور اس میٹرو کاریڈار کی تعمیر کیلئے تقریباً 4500 کروڑ کا اندازہ لگایا گیا ہے اور اس میٹرو کاریڈار کی تعمیر سے شہری علاقوں سے شمس آباد ایرپورٹ جانے والے افراد کو ٹریفک مسائل سے چھٹکارا مل سکتا ہے ۔ موجودہ میٹرو کاریڈار میں ایرپورٹ کیلئے کنکٹیویٹی نہ ہونے کی وجہ سے سی ایم کے سی آر نے ایرپورٹ کیلئے میٹرو کاریڈار تعمیر کا حکم دیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس پراجکٹ کی تیاری میں عہدیداران بڑی عجلت سے کام لے رہے ہیں اور اس کاریڈار پر ہر پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر ایک اسٹیشن تعمیر کرنے کی اطلاع ہے اور اسٹیشنوں کو سڑک کے راستوں سے بآسانی پہونچنے کے اعتبار سے تعمیر کیا جائے گا اور اسی مناسبت سے اسٹیشنس کیلئے آؤٹر رنگ روڈ کے قریب گچی باؤلی ، اپاجنکشن ، قسمت پور ، گنڈی گوڑہ چوراستہ اور شمس آباد کے علاوہ دیگر مقامات پر تعمیر کرنے کیلئے مقامات کی تلاش کی جارہی ہے ۔ عہدیداران کا کہنا ہے کہ ڈی پی آر کی تیاری سے واضح ہوگا کہ کہاں کہاں لازمی طور پر اسٹیشن تعمیر کیا جانا ہے ۔