ذہنی طور پر معذور شخص اسمبلی میں داخل ہوگیا

حیدرآباد۔ /30جولائی، ( این ایس ایس ) ذہنی طور پر معذور ایک شخص آج صبح آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے باب الداخلہ کو جزوی نقصان پہنچاتے ہوئے ایوان میں پہنچ کر تنہا بیٹھ گیا۔ اس عجیب و غریب واقعہ نے پولیس کو کچھ دیر کیلئے سخت اُلجھن میں ڈال دیا۔ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں اگرچہ تین پرتوں پر مشتمل ’ سخت ترین‘ سیکورٹی نظام رائج ہے جس کے باوجود ایک ذہنی طور پر معذور شخص اسمبلی کے احاطہ میں داخل ہونے میں نہ صرف کامیاب ہوگیا بلکہ باب الداخلہ کو نقصان بھی پہنچایا۔ اس واقعہ کا پتہ چلنے پر سیکورٹی عملے نے پولیس کو مطلع کیا۔ڈپٹی کمشنر پولیس کملاسن ریڈی فوری مقام واقعہ پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص جس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے اسمبلی کے باب الداخلہ کو نقصان پہنچایا ہے۔ یہ شخص جس کی شناخت اشوک ریڈی کی حیثیت سے کی گئی ہے ضلع ورنگل کے پاسرا گاؤں سے تعلق رکھتا ہے اور فی الحال بنجارہ ہلز کے گوری شنکر نگر میں سکونت پذیر ہے۔ سی سی کیمرہ فوٹیج کے ذریعہ اس بات کا پتہ چلایا گیا ہے کہ اشوک ریڈی گیٹ۔I کے راستہ سے اسمبلی کے احاطہ میں داخل ہوا تھا۔ تحقیقات کے دوران اس کے ارکان خاندان نے کہا کہ وہ آج صبح 5بجے گھر سے نکلا تھا۔ مسٹر کملاسن ریڈی نے کہا کہ اشوک نے گیٹ کو نقصان پہنچانے کے بعد ایوان میں داخل ہوا اور وہاں تنہا بیٹھ گیا۔ مقننہ کے عملے کو جب اس بات کا پتہ چلا تو انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔ ملزم کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ڈی سی پی نے کہا کہ وہ اس واقعہ کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور سیکورٹی میں کوتاہی کی صورت میں خاطی عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔چار سیکورٹی ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے۔