ذکیہ جعفری کی درخواست پر سماعت ملتوی

احمد آباد 20 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات ہائیکورٹ نے سابق کانگریس ایم پی احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری کی ایک درخواست پر سماعت کو ملتوی کردیا ہے جس میں ذکیہ جعفری نے احمد آباد میٹرو پولیٹن عدالت کی جانب سے ایس آئی ٹی کی مودی کو کلین چٹ کے فیصلے کو برقرا رکھنے کو چیلنج کیا تھا ۔ ۔ جسٹس ایس جی شاہ نے اس کیس کی آئندہ سماعت 11 اپریل کو مقرر کی ہے کیونکہ ریاستی حکومت نے ذکیہ جعفری کی درخواست میں پیش کردہ کثیر دستاویزات کا مطالعہ کرنے کیلئے وقت طلب کیا ہے ۔

اڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل تشار مہتا حکومت کے پلیڈر پرکاش جانی کے ساتھ حکومت کی نمائندگی کیلئے پیش ہوئے اور کہا کہ ہمیں اس کیس کے تفصیلی ریکارڈز کا مشاہدہ کرنے کیلئے وقت درکار ہے ۔ ذکیہ جعفری کی نمائندگی کرنے والے وکیل سہیل ترمذی نے عدالت سے کہا کہ ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب دینے کی ہدایت دی جانی چاہئے ۔ دونوں فریقین کی سماعت کرنے کے بعد جسٹس شاہ نے آئندہ سماعت تین ہفتے بعد منعقد کرنے کا اعلان کیا ۔ گذشتہ سال 26 ڈسمبر کو میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ بی جے گناترا نے ذکیہ جعفری کی درخواست کو مسترد کردیا تھا جس میں انہوں نے ایس آئی ٹی کی جانب سے مودی کو دی گئی کلین چٹ کو چیلنج کیا تھا۔