نئی دہلی ۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ذِکا وائرس کی وباء پھوٹ پڑنے کے پیش نظر حکومت نے سفری مشورہ جاری کرتے ہوئے حاملہ خواتین سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں یا ممالک کا سفر منسوخ یا ملتوی کردیں۔ مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے آج راجیہ سبھا کو بتایا کہ مرکزی وزارت صحت نے حاملہ خواتین یا ان خواتین کو جو حاملہ ہوسکتی ہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا سفر منسوخ یاملتوی کردیں ۔ انھوں نے کہاکہ تمام حاملہ خواتین سے کہا گیا ہے کہ وہ اس مشورہ پر سختی سے عمل کریں اور خاص طورپر دن کے اوقات میں مچھر کے کاٹنے سے بچیں ۔ اس کے علاوہ جن حاملہ خواتین نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے انھیں میڈیکل چیک اپ کے وقت سفر کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا تاکہ ان کی صحت پر موثر نظر رکھی جاسکے ۔ انھوں نے بتایا کہ تمام ریاستوں کو بھی مچھروں سے بچاؤ کے ضمن میں رہنمایانہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔