ذبیحہ گاؤ کے الزام میں 2 افراد گرفتار

ناسک 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں قانون پابندی ذبیحہ گاؤ کے تحت پہلا کیس درج کرتے ہوئے پولیس نے مالیگاؤں میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا جن پر گائے کے بچھڑے ذبیحہ کرنے کا الزام ہے۔ پولیس نے بتایا کہ چار دن قبل 3 افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا تھا جس میں سے دو افراد کو کل رات حراست میں لیا گیا۔ آزاد نگر پولیس انسپکٹر مسعود خان نے بتایا کہ منشی نگر اور شبان نگر علاقوں سے محمد رشید اختر (36 سال) اور محمد اسحاق (28 سال) کو گرفتار کرلیا۔ انھیں عدالت میں پیش کرنے پر 31 مارچ تک پولیس تحویل میں دیا گیا۔ مہاراشٹرا کے تحفظ مویشیان (ترمیمی) قانون کے تحت گاؤ اور بیل کے ذبیحہ پر پابندی عائد کردی گئی اور بی جے پی زیرقیادت حکومت نے 4 مارچ سے یہ قانون نافذ کردیا ہے۔