قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے پولیس کا انتباہ
حیدرآباد/19 ستمبر ( پی ٹی آئی ) حیدرآباد سٹی پولیس نے آج وارننگ دی کہ بقرعید کے موقع پر آندھراپردیش کے قانون انسداد گاؤکشی اور تحفظ حیوانات کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ آندھراپردیش انسدداد گاؤ کشی کو تحفظ حیوانات قانون 1977 کے تحت گائے ، بچھڑوں اور بھینسوں کی فروخت پر سختی سے ساتھ ممنوع ہے ‘‘۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ذبیحہ کے مقصد سے ان جانوروں کی فروخت کے ذریعہ قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی ۔ پولیس نے مختلف مسالخ گھروں کے انتظامیہ اور منتظمین کو ہدایت بھی کی ہے وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے احاطوں میں صرف بیل فروخت کریں ۔ عیدالاضحی کے پیش نظر پولیس عہدیداروں نے گذشتہ روز گولکنڈہ ، لنگر حوض ، نامپلی اور مشیرآباد کے علاقوں میں واقع مسالخ گھروں کے منتظمین و انتظامیہ کے نمائندوں کا اجلاس منعقد کیا تھا ۔ اجلاس کے دوران اس بات کا علم ہوا کہ عیدالاضحی کے دوران گائے ، بھینسوں وغیرہ کو بھی فروخت کیا جارہا ہے ۔