نئی دہلی ۔ /28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ مبلغ اسلام ذاکر نائک کو اشتہاری مجرم قرار دیا گیا ہے اور ان کے اثاثہ جات کی این آئی اے کی جانب سے ضبطی کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ این آئی نے اپنے حکم نامہ میں جو خصوصی عدالت ممبئی کی جانب سے حال ہی میں جاری کیا گیا کہا گیا ہے کہ ذاکر نائک کو اشتہاری مجرم قرار دے کر قانون فوجداری کی دفعہ 83 کے تحت ان کے اثاثہ جات کی ضبطی کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ذاکر نائک کے خلاف دہشت گردی اور رقومات کی غیرقانونی منتقلی کے الزامات کے تحت این آئی اے کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں ۔ وہ یکم جولائی 2016 ء کو ہندوستان سے فرار ہوگئے تھے ۔ پڑوسی ملک بنگلہ دیش نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی تقریروں سے متاثر ہوکر نوجوان ہندوستان کے خلاف جہاد کی تیاری کررہے ہیں ۔ مشرق وسطیٰ کے ایک نگرانکار ادارے کے بموجب ذاکر نائک کو مملکت سعودی عرب نے اپنی شہریت عطاکردی ہے۔