ذات پات کی بنیاد پر تحفظات کیخلاف حیدرآباد تا وجئے واڑہ پدیاترا

تعلیم اور ملازمتوں میں ناانصافی پر شعور بیداری، مخالف ذات پات ریزرویشن فورم کا بیان
حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) مخالف ذات پات ریزرویشن فورم کے زیراہتمام مخصوص طبقات کے ذات پات کی بنیاد پر تحفظات کے طریقہ کار کو برخاست کرتے ہوئے غریب اور مستحق تمام طبقات کو تحفظات کی فراہمی کے مطالبہ پر 7 تا 14 جون منظم کردہ حیدرآباد تا وجئے واڑہ ’’پدیاترا‘‘ کا آج اندرا پارک سے آغاز عمل میں آیا جس کی قیادت صدر فورم مسٹر گنگادھر نے کی۔ اس موقع پر صدر فورم مسٹر گنگادھر اور فورم ممبر مسٹر پاشم اشوک ریڈی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ پدیاترا کا مقصد دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عوام میں مخصوص طبقات کو ذات پات کی بنیاد پر تحفظات کے نتیجہ میں غریب مستحق اور اعلیٰ ذات کے طبقات کے ساتھ تعلیمی میدان میں اور سرکاری ملازمتوں کے تقررات میں ہونے والی ناانصافیوں سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ذات پات کی اساس پر تحفظات کی فراہمی کی وجہ سے غریب اور دیگر اعلیٰ ذات کے ذہین طلباء اچھے نمبرات حاصل کرنے کے باوجود اعلیٰ تعلیم کے حصول اور سرکاری ملازمتوں میں تقررات سے محروم ہورہے ہیں جبکہ صرف جن طبقات کو تحفظات فراہم کئے گئے ہیں اگرچیکہ وہ کم نشانات حاصل کئے ہوں اور ان میں تعلیمی صلاحیت کا فقدان کیوں نہ ہو انھیں ہر اعتبار سے تمام تر سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ مذکورہ منظم کردہ پدیاترا جو حیدرآباد سے نکل کر ریاست تلنگانہ اور ریاست آندھراپردیش کے مختلف شہروں اور مواضعات کا احاطہ کرتے ہوئے 14 جون کو وجئے واڑہ پہونچے گی جہاں پر ایک جلسہ عام بھی منعقد کیا جائے گا۔ پدیاترا میں فورم قائدین مسرز سدرشن ریڈی، چندرا، رنگیا، شنکر ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین نے بھی حصہ لیا۔