د20 دن میں 8 لاکھ کروڑ بینکس میں جمع ہوئے

حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صرف 15 دن میں 500 اور 1000 روپئے کے منسوخ شدہ 8 لاکھ کروڑ روپئے بینکوں میں جمع ہوئے ہیں ۔ یومیہ 25 ہزار کروڑ روپئے کی نئی کرنسی ملک کے بینکوں میں پہونچائی جارہی ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 8 نومبر کو 500 اور 1000 روپئے کے چلن کو بند کرنے کا اعلان کیا جس کی مالیت 14.5 لاکھ کروڑ تھی جو ملک کی مجموعی کرنسی کا 86 فیصد حصہ تھا ۔ مرکزی حکومت نے منسوخ شدہ نوٹوں کو 30 دسمبر تک بینکوں میں جمع کرنے کی مہلت دی ہے ۔ 10 تا 20 نومبر تک 5 لاکھ کروڑ اور 21 تا 27 نومبر تک 3 لاکھ کروڑ اس طرح 15 دن میں ملک کے بینکوں اور پوسٹ آفسوں میں جملہ 8 لاکھ کروڑ سے زائد منسوخ شدہ رقم ڈپازٹ کردی گئی ہے ۔ تاہم منسوخ شدہ نوٹوں کے بدلے نئی کرنسی کو مارکٹ میں لانے کا کام کافی سست چل رہا ہے ۔ جس سے عوام میں ہیجان انگیز کیفیت پائی جارہی ہے ۔ مرکزی مملکتی وزیر فینانس سنتوش کمار کنگوار نے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جب ملک کے مفادات کے لیے کوئی ٹھوس فیصلہ کیا جاتا ہے تھوڑے مسائل پیدا ہونا لازمی ہے ۔