د10 دسمبر سے مستحق افراد میں وظائف کی تقسیم

وزیر پنچایت راج و آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی راما راؤ کی ضلعی کلکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد یکم ڈسمبر ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے اعلان کیا کہ 10 ڈسمبر سے تلنگانہ میں مستحق افراد میں وظائف کی تقسیم کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ بیک وقت دو ماہ کے وظائف کی تقسیم عمل میں لائیں اور 15 ڈسمبر تک یہ کام مکمل کرلیں۔ کے ٹی راما راؤ نے آج آسرا اسکیم پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ سکریٹریٹ میںجائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ضعیفوں ،بیواؤں اور معذورین کے وظائف کے سلسلہ میں ضلع نظم و نسق کی جانب سے جن مستحق افراد کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں 10 ڈسمبر سے وظائف جاری کئے جائیں گے ۔ ریاست بھر میں 25 لاکھ 68 ہزار 392 استفادہ کنندگان کی پہلے مرحلے میں نشاندہی کی گئی ہے اور ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان افراد میں وظائف کی اجرائی کا آغازکریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے علاوہ بھی اگر کوئی مستحق افراد پائے گئے تو انہیں بھی حکومت وظائف جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کوئی بھی مستحق وظیفہ سے محروم نہیں رہے گا۔ حکومت ہر مستحق کو بہر صورت پنشن منظور کرے گی۔ پہلے مرحلے میں جن مستحق افراد کی نشاندہی کی گئی ہے ان کی تفصیلات گرام پنچایتوں کی سطح پر فوری جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔ 10 ڈسمبر سے 15 ڈسمبر تک وظائف کی تقسیم کا عمل مکمل کرلینے ضلع کلکٹرس نے عزم کا اظہار کیا۔ گرام پنچایتوں کی سطح پر وظائف کی تقسیم کیلئے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے۔ مستحق افراد کو اکٹوبر ، نومبر دو ماہ کے وظائف کی رقم ایک ساتھ جاری کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں درکار بجٹ کی اجرائی کیلئے اقدامات کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ حکومت بہبودی اور ترقی دو اہم ایجنڈے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھلائی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ ریاست کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تقریبا 3 گھنٹے تک ضلع کلکٹرس کے ساتھ جاری رہنے والے جائزہ اجلاس میں تارک راما راؤ نے اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ کلکٹرس نے بتایا کہ درخواستوں کی جانچ کا کام اور مستحق افراد کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے ۔تارک راما راو نے کہا کہ حکومت عوام کی بھلائی کیلئے معاشی بوجھ برداشت کرنے کیلئے تیار ہے۔ لہذا عہدیداروں کو اس سلسلہ میںاپنی جانب سے عمل آوری میں تحدیدات عائد کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں اس کے مطابق پنشن کی تقسیم ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وظائف کے سلسلہ میں حکومت نے کوئی حد مقرر نہیں کی ہے۔ انہوںنے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ بجٹ کی کمی یا پھر تقسیم میں تحدیدات کے نام پر وظائف کی تقسیم کا کام نہ روکیں۔ انہوں نے کہا کہ وظائف کی تقسیم کے سلسلہ میں جتنا بھی بجٹ درکار ہوگا حکومت جاری کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ کوئی بھی مستحق شخص وظیفہ سے محروم نہ ہوپائے ۔ ساتھ ہی ساتھ کسی غیر مستحق کو وظیفہ جاری نہ ہو اس سلسلہ میں عہدیداروں کو تمام احتیاطی اقدامات کرنے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وظائف کی تقسیم کا کام مواضعات کی سطح پر ہونا چاہئے اور عوامی نمائندے جہاں بھی موزوں ہو اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ جائزہ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری ریمنڈ پیٹر اور دیگر اعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔