دیہی غریب طلبہ کیلئے شاہین ادارہ جات کی خدمات قابل تقلید

بیدر۔8؍جون۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔گُلبرگہ یونیورسٹی گُلبرگہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بیدر کو ان کی تعلیمی خدمات پر ڈآکٹریٹ کی ڈگری ملنے پر کل شب بیدر کے رنگ مندر میں شہری اعزاز کمیٹی (citizen honors committee) کی جانب سے تہنیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔پروگرام کی صدارت ڈاکٹر گرپا دپا ناگمار پلی رکن اسمبلی بیدر کی جبکہ پروگرام کا افتتاح ریاستِ کرناٹک کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر این دھرم سنگھ سابق رکن پارلیمنٹ بیدر نے شمع روشن کرکے کیا ۔ڈاکٹر این دھرم سنگھ نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ جب میں وزیر اعلی تھا تو سرکاری میڈیکل کالج کو قائم کرنے کیلئے بیدر کا انتخاب کیا ۔اور آج مجھے اس بات کا اندازہ ہوگیا ہے کہ میرا جو مقصد تھا وہ پورا ہوگیا ہے ۔ریاستِ کرناٹک کے پسماندہ ضلع بیدر کو تعلیمی ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے سرکاری میڈیکل کالج تو قائم ہوگیا مگر کالج میں داخلہ کا یہاں ابھی تک کوئی مسئلہ درپیش نہیں آیا‘ِکیونکہ بیدر شہر کے شاہین ادارہ جات کے سکریٹری ڈاکٹر عبدالقدیر اپنے ادارہ سے ہر سال طلباء کی ایک بڑی تعداد میں میڈیکل کالج میں داخلہ کے اہل بناکر بھیجتے ہیں۔ڈاکٹر عبدالقدیر کے تعلیمی خدمات واقعی باعث تقلید و قابلِ ستائش ہیں ۔انھیںان کی تعلیمی خدمات پر گُلبرگہ یونیورسٹی گُلبرگہ نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دے کر ان کے حوصلوں کو اور بلند کیا ہے ۔اس طرح کے تعلیمی اداروں کا ہم ہر طرح سے تعاون کریں گے تاکہ دیہی و غریب ذہن مستحق طلباء کی تعلیمی ترقی ممکن ہوسکے۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے ڈاکٹرپی سی جعفر ڈپٹی کمشنر بیدراپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر نے ایک تحریک یہ دی کہ دیہی علاقوں کے اور غریب و ذہن مستحق طلباء جو سرکاری ہاسٹل میں زیرِ قیام رہتے ہیں انھیں خانگی تعلیمی اداروں میں مفت داخلہ دیا جائے ۔جبکہ خانگی کالجوں میں ایک نشست کو 60سے 70ہزار روپیے تک کا خرچ آتا ہے۔اس سلسلہ میں سبسے پہلے سال میں 450نشست غریب و ذہن مستحق 450طلباء کو مفت داخل دیا گیا جس میں شاہین ادارہ جات میں150طلباء کا مفت داخلہ دیا تھا ۔پروگرام کے روحِ رواں ڈاکٹر عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بیدر اپنے خطاب میں بتایا کہ جب تک سماج میں تعلیم کی اہمیت کو نہیں سمجھیں گے جب تک طلباء تعلیمی ترقی کے میدان میں آگے نہیں بڑھ سکتے ۔اور سماج کی جانب سے تعلیمی اداروں کو حوصلہ افزائی اگر ہوتی ہے تو یقینا تعلیمی انقلاب برپا ہوسکتا ہے ۔

مسٹر گرپا دپا ناگمار پلی رکن اسمبلی بیدر نے اپنے صدارتی خطاب میں بتایا کہ بیدر جیسے پسماندہ علاقہ میں تعلیمی ترقی میںاہم رول ادا کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر طلباء اور اولیائے طلباء کو تعلیم کی طرف راغب کرانے میں اہم رول ر ادا کررہے ہیں ڈاکٹر عبدالقدیر کو گُلبرگہ یونیورسٹی گُلبرگہ سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری اعزازی ڈگری دئیے جانے پر اس علاقہ کی عوام کیلئے فخر کی بات ہے ۔انجینئرس و ڈاکٹرس بنانے والے جناب عبدالقدیر خود ڈاکٹر بن گئے ہیں ۔ہم اُمید کرتے ہیں کہ وہ اپنی اس طرح کی تعلیمی خدمات کو جاری رکھیں گے ۔ان کے ساتھ ہماری ہر ہمیشہ نیک تمنائیں قائم رہیں گی۔اس موقع پر اعزازی مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے جناب قاضی ارشد علی چیرمن بیدر اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘رمیش سولپور سنڈیکٹ رکن گُلبرگہ ینورسٹی گُلبرگہ‘نے بھی خطاب کیا ۔پروگرام میں بیدر سابق رکن اسمبلی محمد رحیم خان ‘شریپد چودہ پور کرسنڈیکٹ رکن گُلبرگہ یونیورسٹی گُلبرگہ بھی موجود تھے۔استقبالیہ خطاب ڈاکٹر چنبسپا ہالہلی صدر سٹیزن آنر کمیٹی بیدر کیا اور ابتدائی خطاب بسواکمار پاٹل سکریٹری سٹیزن آنر کمیٹی بیدر نے کیا۔تمام مہمانان ِ پروگرام کی موجود گی میں ڈاکٹر عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات کو گُلبرگہ یونیورسٹی گُلبر گہ سے ان کی تعلیمی خدمات پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دئیے جانے پرزبردست و پُر وقار تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کی شالپوشی و گُلپوشی کے ساتھ انھیں مومنٹوں پیش کیا گیا ۔پروگرام میں مرد و خواتین کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔