دیہی روزگار کی قومی اسکیم چھوٹی آبپاشی سے مربوط

خانگی گتہ داروں کے بجائے بیروزگار دیہی عوام کو موقع:کے ٹی آر
حیدرآباد 6 جولائی ( آئی این این )تلنگانہ کے وزیر پنچایت راج کے تارک راما راو نے آج کہا کہ ریاستی حکومت قومی دیہی ضمانت روزگار اسکیم کو چھوٹی آبپاشی سے جوڑنے کے منصوبہ پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ مسٹر تارک راما راو نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے کہ چھوٹی آبپاشی کے کام خانگی گتہ داروں کو دینے کے بجائے بیروزگار دیہی عوام کے سپرد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت موجودہ سال میں 100 دن روزگار کو مزید وسعت دی جائے۔ انہوںنے ریاست تلنگانہ میں این آر ای جی اسکیم پر عمل آوری سے متعلق تفصیلی رپورٹ تیار اور پیش کرنے عہدیداروں کو ہدایت کی۔کے ٹی آر نے کہا کہ تمام دیہاتوں کو شہری علاقوں کے مطابق ترقی دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔