دیہی روزگار اسکیم فنڈس کی قلت سے دوچار

نئی دہلی ۔یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جاریہ سال دیہی روزگار اسکیم منریگا کو بجٹ میں قابل لحاظ فنڈس مختص کئے جانے کے باوجود مالی بحران کا شکار ہے جس کے پیش نظر وزارت دیہی ترقیات نے اسکیم پر عمل آوری کیلئے مزید 10 ہزار کروڑ روپئے طلب کئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جاریہ سال مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی ایکٹ (منریگا) کیلئے 43,499 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا گیا جس میں ریاستوں کو 36,134 کروڑ روپئے جاری کردیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزارت دیہی ترقیات نے گزشتہ سال کے واجبات 12,581 کروڑ کی منظوری دیدی ہے جبکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں منریگا فنڈس کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے لیکن فنڈس کی قلت باعث اسکیم پر عمل آوری میں رکاوٹیں درپیش ہیں ۔ اس خصوص میں حکومت سے اضافی فنڈس کی اجرائی کیلئے سفارش کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ یہ اسکیم پیشرو یو پی اے حکومت نے شروع کی تھی تاکہ دیہاتوں سے نقل مکانی کی روک تھام کیلئے مقامی طورپر روزگار فراہم کیا جاسکے لیکن این ڈی اے کے برسراقتدار آنے کے بعد فنڈس میں کٹوتی کی عام شکایت ہے ۔