دیہاتوں میں ہر گھر میں نل فراہم کرنے حکومت کوشاں

ٹی آر ایس حکومت ریاست کو ’’بنگارو تلنگانہ‘‘ میں تبدیل کرنے سنجیدہ : ایٹالہ راجندر

گوداوری کھنی ( کریم نگر )۔ یکم فروری (این ایس ایس) وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کے سی آر حکومت، ریاست تلنگانہ میں دیہاتوں میں ہر گھر کو پانی کا نل کنکشن فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے فنڈس کی کمی نہیں ہے اور حکومت ریاست کو ’’بنگارو تلنگانہ‘‘ میں تبدیل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔ واٹر گرڈ پروگرام کے سلسلے میں وزیر فینانس اور وزیر آئی ٹی و پنچایت راج کے تارک راما راؤ نے آج صبح یلم پلی سری پداساگر پراجیکٹ پمپ ہاؤز کا معائنہ کیا جس سے راماگنڈم، پداپلی اور دھرما پوری کو پانی چھوڑا جاتا ہے۔ بعد میں کوکلا گوڑہ ویلیج میں منعقدہ ایک جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے ای راجندر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے دیہاتوں میں ہر گھر کو واٹر کنکشن فراہم کرنے کیلئے واٹر گرڈ پروگرام کو روبہ عمل لانے کا تہیہ کیا ہے۔ سابق حکومتوں کے برعکس جو عوام سے ان کے مسائل کے حل کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں کے بعد ہی آہستہ سے کارروائی کرتی تھیں۔ موجودہ حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ان کی دہلیز پر پہنچ رہی ہے۔ وزیر فینانس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ریاستی حکومت نے ہر حلقہ اسمبلی میں 5000 گیاس کنکشنس کی فراہمی کیلئے احکام جاری کئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت تلنگانہ نے ڈی ٹی ایل کی جگہ راما گنڈم علاقہ میں عنقریب ایک جینکو ہاؤز پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔