نئی دہلی ۔ 6اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج بتایا کہ دیگر پسماندہ طبقات ( او بی سی ) کیلئے ماہانہ پری میٹرک اسکالرشپ رقم 25تا 50روپئے پر فنڈس کی قلت کے باعث نظرثانی نہیں کی جاسکی ۔ لوک سبھا میں آج یہ سوال کیا گیا کہ او بی سی طلبہ کیلئے پری میٹرک اسکالرشپ ماہنہ صرف 25تا 50روپئے ادا کئے جاتے ہیں ؟ مملکتی وزیر سماجی انصاف و تفویض اختیارات کرشن پال گورجر نے کہا کہ ’’ ہاں ‘‘ یہ صحیح ہے اور بتایا کہ او بی سی اسکالرشپس اسکیم کے تحت ہاسٹلوں میں مقیم اور ڈے اسکالرس کو سالانہ 500روپئے عبوری گرانٹ دوسرے طلبہ کی طرح ادا کی جاتی ہے ۔ انہوں نے یہ نشاندہی کی کہ یہ محدود فنڈ کی اسکیم ہے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کا برابر حصہ ہوتا ہے جبکہ مرکزی زیر انتظام علاقوں میں صدفیصد مرکزی امداد فراہم کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فنڈس کی قلت کے پیش نظر اسکیم کی امدادی رقم پر نظرثانی نہیں کی جاسکی ۔