دیگر شعبوں کو بھی بلاوقفہ برقی سربراہی کا منصوبہ : جگدیش ریڈی

حیدرآباد 6 نومبر ( این ایس ایس ) وزیر توانائی جی جگدیش ریڈی نے آج کہا کہ زرعی شعبہ کو بلا وقفہ برقی سربراہی فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے محکمہ برقی میں 13,000 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ کونسل میں برقی مسئلہ پر مختصر مباحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے ادعا کیا کہ حکومت نے زرعی شعبہ کو تجرباتی بنیادوں پر بلاوقفہ برقی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے ۔ پانچ دن تک برقی سربراہی 24 لاکھ پمپ سیٹس کو فراہم کی جائیگی اور اسے بعد میں دوسرے شعبوں تک بھی وسعت دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مستقبل کی برقی ضروریات کی تکمیل کیلئے برقی کی پیداوار میں اضافہ کیا جائیگا ۔ اب تک زرعی شعبہ کو 9 گھنٹے برقی سربراہ کی جاتی تھی اور پیر سے پمپ سیٹس کو تمام منتخبہ علاقوں میں 24 گھنٹے مسلسل برقی سربراہ کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں برقی ٹرانسفارمرس ناکارہ ہونے پر ان کی مرمت میں مشکلات پیش آتی تھیں ۔ ٹی آر ایس حکومتوں نے ٹرانسفارمرس کو عصری بنادیا ہے اور بلاوقفہ برقی سربراہ کی جا رہی ہے ۔