نئی دہلی 8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس دیپک مصرا کو آج چیف جسٹس آف انڈیا مقرر کیا گیا۔ وزارت قانون کی طرف سے جاری ایک سرکاری اعلامیہ میں 63 سالہ جسٹس مصرا کے تقرر کا اعلان کیا گیا۔ مصرا، موجود چیف جسٹس جے ایس کھیہر سے اس عہدہ کا جائزہ لیں گے جو 27 اگسٹ کو حسن خدمات پر سبکدوش ہورہے ہیں۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند 27 اگسٹ کو اُنھیں بحیثیت 45 ویں چیف جسٹس آف انڈیا کے عہدہ کا حلف دلائیں گے۔ وہ اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے تیسرے چیف جسٹس آف انڈیا ہوں گے۔ قبل ازیں ان کی ریاست سے تعلق رکھنے والے جسٹس رنگناتھ مصرا اور جسٹس جی بی پٹنائک بھی اس عہدہ پر فائز تھے۔ جسٹس مصرا 2 اکٹوبر 2018 ء کو وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے۔