دیوی پرساد ٹی آر ایس امیدوار متوقع

حیدرآباد 22 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل کے مخلوعہ حلقہ گریجویٹ کیلئے تلنگانہ سرکاری ملازمین کے قائد مسٹر دیوی پرساد کو ٹی آر ایس امیدوار بنانے کا ٹی آر ایس پارٹی نے فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے دیوی پرساد کو امیدوار بنانے کا باقاعدہ اعلان کیا ۔ آج یہاں اپنے کیمپ آفس میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے کونسل انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے کیلئے شہر میں موجودہ دستیاب پارٹی کے سینئر رفقاء اور وزراء وغیرہ کے ساتھ کافی دیر تک صلاح و مشورہ کیا اور بعدازاں فی الوقت حلقہ گریجویٹ (اضلاع حیدرآباد‘رنگا ریڈی و محبوب نگر ) کیلئے منعقد ہونے والے انتخاب کیلئے مسٹر دیوی پرسادکو اپنا پارٹی امیدوار بنانے کا اعلان کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ مسٹر دیوی پرسادجو کہ گذشتہ دن تک بحیثیت سرکاری ملازم تلنگانہ این جی اوز سنٹرل یونین کے صدر اپنی گراں قدر خدمات انجام دیں اور ساتھ ہی ساتھ علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد میں بھی اپنا ایک سرگرم رول ادا کیا جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے مسٹر دیوی پرسادکو حلقہ گریجویٹ اضلاع حیدرآباد رنگا ریڈی اور محبوب نگر کیلئے پارٹی امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔