پونے ۔ 3 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اداکار دیوین ورما جن کا گزشتہ روز پونے میں قلب پر حملہ کے باعث انتقال ہوگیا تھا ، ان کی آخری رسومات ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق آج انجام دی جائیں گی ۔ دیوین ورما جنہوں نے بی آر چوپڑہ کی فلم دھرم پتر سے 1961 ء میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا ۔ گزشتہ ایک دہائی سے فلموں سے دوری اختیار کرتے ہوئے پونے میں اپنی بیوی روپا گنگولی (آنجہانی اداکار اشوک کمار کی بیٹی) کے ساتھ ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے تھے، انہیں فلم چوری میرا کام اور انگور کے لئے فلم فیر بیسٹ کامیڈین کے ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے ۔ اس موقع پر عامر خان نے کہا کہ فلم انداز اپنا اپنا کے سیٹ پر وہ ہمیشہ وہاں موجود لوگوں کو ہنسایا کرتے تھے ۔ دیوین ورما نے بطور پروڈیوسر دھرمیندر کے ساتھ یقین، نوین نسچل کے ساتھ نادان اور امیتابھ بچن کے ساتھ بے شرم جیسی فلمیں بنائی تھیں۔ باسو چٹرجی اور رشی کیش مکرجی ان کے پسندیدہ ڈائرکٹرس تھے۔ دیوین ورما کو فلم ’’دیور‘‘ میں ان کے نگیٹیو کردار کیلئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ وہ بھونڈا مذاق کرنے والے کامیڈین نہیں تھے ۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ ان کی آخری رسومات انتہائی سادگی اور خاموشی سے انجام دی جائیں گی۔