فردِ جرم کی مہلت میں توسیع کیلئے دیویانی کی درخواست، پراسکیوٹر مخالف
ممبئی؍ واشنگٹن 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سفارتکار دیویانی کھوبرگاڑے سے متعلق تنازعہ کی یکسوئی کیلئے کوششیں جاری ہیںلیکن ان کے والد نے آج یہاں امریکی قونصل خانہ کے باہر احتجاجی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اپنی بیٹی کے خلاف امریکی انتظامیہ کی کارروائی کو ’’غیر قانونی‘‘ قرار دیا۔ سینئر کھوبرگاڑے جو سابق آئی اے ایس آفیسر ہیں، انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یہ بات تو امریکی نظم و نسق تک تسلیم کرلی ہے کہ دیویانی کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔
اس کے خلاف کوئی الزامات نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی الزامات عائد کئے گئے وہ قطعی جھوٹے ہے۔ حکومت ہند نے دستاویزی ثبوت کے ساتھ ثابت کیا ہے کہ دیویانی کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔ دریں اثناء دیویانی نے اپنے خلاف درج کیس میںچارج شیٹ کی پیشکشی کیلئے دی گئی مہلت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی درخواست کی ہے لیکن سرکاری وکیل نے اُن کی درخواست کی سخت مخالفت کی۔ اِس دوران امریکہ نے آج واضح اشارہ دیا کہ وہ اِس تنازعہ کو بعجلت ممکنہ حل کرلینے کا خواہشمند ہے۔ ہندوستانی نژاد امریکی پراسکیوٹرپریت برارا کے دفتر نے 39 سالہ دیویانی کے خلاف اُن کی گرفتاری کے اندرون 30 یوم چارج شیٹ پیش کرنے کی پرزور وکالت کی۔
پرواسی بھارتیہ دیوس میںحکومت کی نوجوانوں سے رابطے کی سعی
نئی دہلی ۔ 7 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بیرون ملک مقیم نوجوانوں کے ساتھ عظیم تر رابطے کیلئے زور دیتے ہوئے وزیر سمندر پار ہندوستانی امور وائیلار روی نے آج کہا کہ اس ملک میں موجود نوجوان ہندوستانیوں اور سمندر پار صنعتی اور سماجی شعبوں سے وابستہ نوجوانوں کے درمیان شراکت داریوں سے نوکریاں پیدا ہوں گی اور خوشحالی آئے گی ۔ وہ پرواسی بھارتیہ دیوس جو ہندوستان کا نمایاں سالانہ ایونٹ ہے، اس کے بارہویں ایڈیشن کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت کے اس دور میں اقوام کے درمیان عظیم تر تجارتی اور کاروباری روابط کے مواقع پائے جاتے ہیں۔