دیویانی کے والد پر شیوسینا کی تنقید

ممبئی ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج سفارتکار دیویانی کھوبرگاڑے کے والد اتم کھوبرگاڑے پر جو سابق آئی اے ایس عہدیدار ہیں، مراٹھی ذرائع ابلاغ کو ذات پات کی بناء پر تعصب برتنے کا الزام عائد کرنے کی تنقید کی ۔ شیوسینا نے قبل ازیں مطالبہ کیا تھا کہ دیویانی کی گرفتاری پر حکومت ہند سخت جوابی کارروائی کرے،

اس نے اتم کھوبر گاڑے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ذات پات کا مسئلہ اٹھانا ان کی غلطی تھی۔ یہ ذہنی دیوالیہ پن ہے۔ پارٹی کے ترجمان سامنا کے ایک اداریہ میں یہ تبصرہ شائع کیا گیا ہے۔ دہلی میں ایک حالیہ پریس کانفرنس سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اتم کھوبر گاڑے نے کہا تھا کہ مراٹھی ذرائع ابلاغ ذات پات کی بنیاد پر تعصب برت رہے ہیں۔ شیوسینا نے تحریر کیا کہ ایک اعلیٰ تعلیمی یافتہ جیسے اتم کھوبرگاڑے ذات پات کی ذہنیت سے چھٹکارا حاصل نہیں کرسکا ہے۔ یہ انتہائی حیران کن بات ہے ۔