نیویارک۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خاتون سفارتکار دیویانی کھوبرگاڑے نے امریکی عدالت سے درخواست کی ہیکہ ان کے خلاف ویزا دھوکہ دہی کے مقدمہ میں دائر کردہ فردجرم کو خارج کردیا جائے اور گرفتاری کا کھلا وارنٹ مسترد کردیا جائے۔ دیویانی نے یہ استدلال پیش کیا ہیکہ انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل تھا اور وہ امریکہ میں فوجداری مقدمہ کا سامنا نہیں کرسکتی۔ کھوبرگاڑے کے وکیل ڈینیل آرشاک نے گذشتہ روز نیویارک کی عدالت میں دیویانی کی طرف سے دائر کردہ یادداشت قانون میں کہا کہ ان کی موکلہ کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔ چنانچہ اس استثنیٰ کی بنیاد پر مستقبل میں کی جانے والی قانونی کارروائی کو خارج کردیا جائے۔ آرشاک نے مزید کہا کہ ’’ڈاکٹر کھوبرگاڑے رسمی طور پر اس عدالت سے رجوع ہوئی ہیں اور مقدمہ کی کارروائی خارج کرنے کی درخواست کررہی ہیں اور ان شرائط کو بھی ختم کردیا جائے جو ان کی رہائی اور ضمانت کیلئے مقرر کی گئی تھیں‘‘۔ آرشاک نے 39 سالہ ہندوستانی سفارتکار کے خلاف جاری مقدمہ میں دائر کردہ فردجرم خارج کرنے کی درخواست دی تھی ۔