نئی دہلی۔16مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دیویانی کھوبرگاڑے کے تنازعہ کو نہایت ہی بدبختانہ و افسوسناک قرار دیتے ہوئے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے آج کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس مسئلہ کو ختم کردیا جائے ۔ امریکہ کو اس تنازعہ کا سیاسی حل تلاش کرنا چاہیئے ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض عملی اقدامات کی ضرورت ہے اور ہندوستان اس مسئلہ کو غیر متعلقہ متصور نہیں کرتا ۔ اگر اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں تو ان کا نوٹ لینا ضروری ہے ۔
عدالت کی جانب سے کیس کو مسترد کردیئے جانے کے بعد امریکی نظم و نسق نے دوسرا قدم اٹھایا ہے تو اس پر کئی سوال اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔ ان دنوں امریکہ کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات بدترین دور سے گذر رہی ہیں ۔ میں نے متواتر بیانات دیئے ہیں کہ یہ جو کچھ ہوا ہے وہ ٹھیک نہیں ہے ‘ ہم کو یہ بتانا ضروری ہے کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ غلط ہے ‘ اس پر مزید کوئی کارروائی نہیں ہونی چاہیئے ورنہ اس سے ہماری وسیع تر تعلقات پر اثر پڑے گا لیکن اب بھی وقت ہے کہ ہم عملی طور پر اس کا جائزہ لیں ۔ سلمان خورشید سے سوال کیا گیا تھا کہ ہندوستان کی سینئر سفیر دیویانی کھوبرگاڑے کے خلاف امریکی استغاثہ نے تازہ مواخذہ کی کارروائی کی ہے اور ان پر ویزا فراڈ کا مقدمہ دائر کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ امریکہ کی یہ کارروائی افسوسناک ہے ۔ اس سے ہندوستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے ۔