نئی دہلی ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تاجروں کی انجمن کیاٹ نے آج بتایا کہ حالیہ دیوالی کے موقع پر چینی مصنوعات کی فروخت میں 60 فیصد گراوٹ آئی ہے جب کہ سماجی میڈیا پر بائیکاٹ کی اپیلوں کے بعد عوام نے ہندوستانی مصنوعات خریدنے کو ترجیح دی ۔ کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈس نے ملک کے بڑے شہروں میں ایک سروے کروایا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ تاجرین میں بھی چینی مصنوعات کی فروخت میں جوش و خروش کا فقدان پایا گیا ۔ انجمن کے بموجب ملک بھر میں تاجرین نے اپنے کاونٹرس پر چینی مصنوعات رکھنے سے بھی گریز کیا اور بعض تاجرین نے اپنی دوکانات پر ’ میک ان انڈیا ‘ کا بورڈ آویزاں کیا ۔ لوگوں نے چینی اشیاء کی بجائے مٹی کے دئیے اور کاغذ ، مٹی ( کلے ) اور پلاسٹک سے تیار کردہ اشیاء سے مکانات کو سجایا ۔ مذکورہ سروے 20 شہروں بشمول دہلی ، ممبئی ، ناگپور ، جئے پور ، احمد آباد ، کانپور اور بھوپال میں کروایا گیا تھا ۔۔