واشنگٹن ۔29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ایک بار پھر میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کا راگ الاپتے ہوئے کہا کہ اس دیوار کی اشد ضرورت ہے اور اس کی تعمیر کے اخراجات بالآخر میکسیکو کو ہی برداشت کرنے پڑیں گے۔ وائیٹ ہاؤز میں کل اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس دیوار کی اشد ضرورت ہے حالانکہ دیوار کی تعمیر کیلئے ابتدائی طور پر سرمایہ امریکہ ہی فراہم کرے گا لیکن بالآخر تمام اخراجات میکسیکو سے ہی وصول کئے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے نارتھ امریکہ فری ٹریڈ ایگریمنٹ (NAFTA) کا حوالہ دیتے ہوئے اسے بدترین تجارتی معاہدہ قرار دیا۔ میکسیکو کیلئے ہوسکتا ہے کہ وہ ایک عظیم ترین معاہدہ ہو لیکن امریکہ کیلئے ایسا نہیں۔ انہوں نے اپنی بات ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ نافٹا معاہدہ دنیا کا کسی بھی وقت اور کہیں بھی دستخط کیا جانے والا بدترین معاہدہ ہے۔ یاد رہے کہ نافٹا معاہدہ پر کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ نے شمالی امریکہ میں ایک سہ رخی تجارتی بلاک قائم کرنے دستخط کئے تھے۔ ٹرمپ نے کہا کہ دیوار کی تعمیر کے اخراجات تو بالآخر میکسیکو کو ہی ادا کرنے پڑیں گے۔ اب یہ بات اور ہے کہ اسے باز ادائیگی کے ذریعہ وصول کیا جائے گا۔ میکسیکو جرائم کی آماجگاہ ہے جس کی ہم جرائم کی دنیا میں اگر درجہ بندی کریں گے تو اس کا نمبر دوسرا یا تیسرا ہوگا اور جرائم کی روک تھام کیلئے بھی دیوار کی تعمیر ناگزیر ہے۔