دیوار کی تعمیر کیلئے ڈیموکریٹس آمادہ

ماسکو، 28 جنوری (اسپوتنک ) امریکہ کے وہائٹ ہاؤس کے کارگزار چیف آف اسٹاف مک ملوانے نے کہا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹس کے درمیان امریکہ-میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کرنے کے بارے میں اتفاق ہونے لگا ہے جس کے بعد سے مسٹر ٹرمپ نے 35 دنوں سے جاری جزوی شٹ ڈائون کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ مسٹر ملوانے نے کہا، ’’انہوں نے ایسا اس لئے کیا کیونکہ بہت سے ڈیموکریٹٹ ممبران ہمارے پاس آئے تھے ۔ کچھ ذاتی طور پر آئے اور کئی نے عوامی طور پر اپنی بات پیش کی کہ وہ ٹرمپ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہیں۔ ملک کی جنوبی سرحد پر دیوار بنانے کی ضرورت ہے ۔ وہ ہمارے پاس آئے اور انہوں نے کہا کہ ہم آپ سے اتفاق کرتے ہیں۔ آپ جنوبی سرحد پر دیوار کے سلسلے میں جنگ جیت گئے ہیں ۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو ٹرمپ اور کانگریس کے رہنما کے درمیان شٹ ڈائون کو ختم کرنے کے ایک معاہدے پر اتفاق ہوا تھا۔ معاہدے کے بعد جمعہ کو ہی امریکی پارلیمنٹ میں مختصر مدتی اخراجاتی بل منظور ہوا اور اس پر امریکی صدر نے دستخط کیا۔ بل میں اگرچہ امریکہ – میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لئے مختص کی جانے والی رقم کاکوئی ذکر نہیں کیا گیا لیکن معاہدے کے مطابق حکومت کی کام بندی کو تین ہفتے کے لئے ختم کر دیا گیا تاکہ اس دوران ڈیموکریٹک اور ری پبلکن اراکین پارلیمان مسٹر ٹرمپ کے امریکہ ۔میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لئے 5.7 ارب ڈالر کی رقم مختص کرنے کے مطالبہ پر آپس میں بات چیت کرکے اپنے اختلافات کو دور کرسکیں۔

طالبان کے قبضے سے 38 افراد آزاد
کابل، 28جنوری(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کی فوج نے مشرقی صوبہ غزنی میں اتوار کی پوری رات مہم چلا کر 38 افراد کو باغی تنظیم طالبان کے قبضے سے آزاد کرایا ۔ اس دوران نو جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا۔ 38 افراد کو ان کی شناخت ہونے تک وہیں رکھا جائے گا۔
افغان وزارت دفاع نے پیر کو کہا کہ افغان نیشنل آرمی نے غزنی صوبے میں اب ضلع بند کے گاؤں گھاٹ کالی میں مہم چلاکر 38افراد کو طالبان کے قبضے سے آزاد کرایا۔ اس نے بتایا کہ اس دوران طالبان جنگجوؤں نے سکیورٹی فورسیز پر حملہ کیا اور جوابی کاروائی میں نو جنگجو مارے گئے ۔