برلن ، 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دیوار برلن کے انہدام کے پچیس برس مکمل ہونے کے موقع پر جرمن دارالحکومت میں تین روزہ تقریبات کا آغاز آج ہو گیا ہے۔ ان تین روز تقریبات میں راک اسٹارز اور معروف انسانی حقوق کے کارکنان کے علاوہ لاکھوں عام شہری بھی شریک ہوں گے۔ 9 نومبر 1989ء کو دیوار برلن گرا دی گئی تھی، جس کی وجہ سے منقسم جرمن مملکتوں کا اتحاد ممکن ہو سکا تھا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ دو ملین افراد ان تین دنوں کے دوران جرمن اتحاد کی علامت تصور کئے جانے والے مشہور زمانہ برانڈن برگ گیٹ کے قرب و جوار میں مختلف تقریبات میں شریک ہوں گے۔