نئی دہلی 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) نیتاجی سبھاش چندر بوس کے کچھ رشتہ داروں کے تعلق سے پنڈت نہرو حکومت میں جاسوسی کی اطلاعات کے دوران کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج جوابی وار کرتے ہوئے این ڈی اے حکومت سے کہا کہ وہ جن سنگھ لیڈر دین دیال اپادھیائے کی پر اسرار موت کی تحقیقات کروائے ۔ انہوں نے نیتا جی کے افراد خاندان کے خلاف جاسوسی میں کسی سازش کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی اطلاعات بے بنیاد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے اور بی جے پی غیر ضروری اسے مسئلہ بنانا چاہتی ہے ۔ اس کی بجائے این ڈی اے حکومت کو چاہئے کہ وہ دین دیال اپادھیائے کی پر اسرار موت کی تحقیقات کروائے ۔